بیوی کو قتل کرنے والا درندہ صفت شوہر گرفتار

   

Ferty9 Clinic

واقعہ کے اندرون 24 گھنٹے ملزم گرفتار، اڈیشنل ڈپٹی کمشنر جے نرسیا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ نلہ کنٹہ میں 23 ڈسمبر کی شب ایک انتہائی دردناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک درندہ صفت شخص نے اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کے سامنے پٹرول ڈال کر آگ لگادی۔ اِس جرم میں ملوث وینکٹیش کو پولیس نے اندرون 24 گھنٹے امین پور علاقہ میں گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون جے نرسیا نے بتایا کہ نلگنڈہ حضور نگر سے تعلق رکھنے والے وینکٹیش اور تروینی نے لو میریج کی تھی اور زندگی بسر کرنے کے لئے شہر حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے تلک نگر میں سکونت اختیار کی۔ وینکٹیش سینٹرنگ کا کام کیا کرتا تھا جبکہ تروینی ہوٹل میں ملازمت کیا کرتی تھی۔ آئے دن مکان کو دیر سے پہونچنے پر وینکٹیش بیوی کے کردار پر شبہ کرنے لگا اور اِس پر جھگڑا کیا کرتا تھا۔ شوہر کے اِس رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر تروینی اپنے مائیکہ چلی گئی تھی لیکن چند دن قبل وہ دوبارہ اُسے حیدرآباد لے آیا تھا۔ بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے وینکٹیش تروینی سے دوبارہ جھگڑے کرنا شروع کیا اور آئے دن دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوا کرتی تھی۔ برہمی کی حالت میں وینکٹیش نے تروینی کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور 23 ڈسمبر رات دیر گئے جب تروینی اپنے بچوں کے ساتھ مکان میں محو خواب تھی، لڑکے کو باہر لے آیا اور پلنگ پر پٹرول چھڑک کر بیوی کو آگ لگادی۔ اِس دوران وہاں محو خواب بچی بھی آگ سے متاثر ہوگئی اور گھبراکر مکان سے باہر نکل گئی۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی بھی مدد کے لئے پہونچ گئے اور فوری ڈائیل 100 پر پولیس کو اطلاع دی۔ نلہ کنٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پٹرول گاڑی وہاں پہونچ کر انتہائی جھلسی ہوئی حالت میں تروینی کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ ایڈیشنل ڈی سی پی جے نرسیا نے بتایا کہ شوہر کی جانب سے پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے نتیجہ میں تروینی 90 فیصد جھلس گئی تھی اور قتل کے بعد وینکٹیش امین پور علاقہ فرار ہوگیا تھا جہاں ایسٹ زون پولیس نے کامیاب طور پر اُس کا پتہ لگاکر گرفتار کرلیا۔ب