بیوی کو قتل کرنے کے بعد سر کے ساتھ شوہر کی پولیس میں خودسپردگی

   

قاتل عدالتی تحویل میں، پولیس سے ملزم کو سخت سزا دلوانے کے اقدامات
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) راجندر نگر علاقہ میں ایک شخص نے بیوی کا قتل کرنے کے بعد اس کے سر کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود سپردگی اختیار کرلی۔ ایم ایم پہاڑی علاقہ میں پیش آئے اس سنسنی خیز قتل کی واردات سے سارے علاقہ میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ اطلاع کے فوری بعد اسسٹنٹ کمشنر پولیس راجندر نگر ڈیویژن پولیس گنگا دھر نے علاقہ میں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرویز نامی شخص نے اپنی بیوی 35 سالہ شمیم بیگم کا قتل کرنے کے بعد اس کا گلا کاٹ کر تن سے جدا کردیا اور کٹے سر کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود سپردگی اختیار کرلی۔ شمیم کے رشتہ داروں نے بتایا کہ پرویز کی شادی 14 سال قبل ہوئی اور ان کے 3 بچے ہیں۔ روزانہ کے لڑائی، جھگڑے اور شمیم کے کردار پر شک کرتے ہوئے پرویز بیوی کو اذیت پہنچاتا تھا۔ اس بات سے تنگ آکر اس خاتون نے خلع لے لیا تھا۔ یہ بات شمیم کی بہن نے بتائی۔ جس کے بعد معافی مانگتے ہوئے عاجزی منت کرتے ہوئے اس نے شمیم کو دوبارہ اپنایا۔ تقریباً ایک سال قبل گیارویں کے مہینے میں دونوں دوبارہ مل کر زندگی کا آغاز کیا۔ شمیم بیگم کی بہن بھائی اور رشتہ داروں کے مطابق پرویز نشہ کا عادی تھا اور ان کی بہن نے سمجھوتہ کرتے ہوئے پرویز کے ہمراہ دوبارہ زندگی بسر کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی۔ شمیم کی بہن نے بتایا کہ منصوبہ بند طریقہ سے اس نے شمیم کو دوبارہ اپنے ساتھ شامل کیا اور اس کا قتل کردیا۔ رشتہ داروں نے پولیس سے پرویز کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اے سی پی گنگا دھر نے بتایا کہ خاطی پرویز کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے اور جلد سے جلد سخت سزا دینے پولیس اقدامات کریں۔ ع