بیوی کو نورا فتحی جیسا بنانے کی ضد، خاتون کا سسرال پر مقدمہ

   

غازی آباد۔ 20 اگست (ایجنسیز) اتر پردیش کے غازی آباد کے مراد نگر علاقہ سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شوہر اپنی بیوی کو بالی ووڈ اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی جیسا بنانے کی ضد پر اڑا ہوا ہے۔ اسی دباؤ میں اسے روزانہ تین گھنٹے ورزش کرائی جاتی تھی۔اس معاملے نے پولیس کو بھی چونکا دیا ہے۔ متاثرہ کی شادی 6 مارچ 2025 کو میرٹھ کے ایک نوجوان سے طے شدہ رشتہ کے تحت ہوئی تھی۔ شادی میں لڑکی کے گھر والوں نے تقریباً 76 لاکھ روپے خرچ کیے، جن میں 16 لاکھ کے زیورات، 24 لاکھ کی مہندرا اسکارپیو اور 10 لاکھ روپے نقد شامل تھے۔ خاتون کے مطابق، شادی کے بعد اس کے سسرال والوں نے اسے شوہر کے ساتھ آزادانہ گھومنے کی اجازت نہیں دی۔ اس کی ساس معمولی باتوں پر اسے پریشان کرتی اور شوہر اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر تشدد کرتا تھا۔ ایک بار صرف مچھر دانی نہ ملنے پر بھی شوہر نے اس کی پٹائی کی۔ متاثرہ نے الزام لگایا کہ اس کا شوہر دوسری لڑکیوں میں دلچسپی رکھتا ہے اور سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز دیکھتا ہے۔ اس کے باوجود وہ اپنی بیوی پر نورا فتحی جیسی شخصیت اپنانے کے لیے دباؤ ڈالتا رہا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اگر وہ روزانہ تین گھنٹے ورزش نہ کرتی تو اسے کھانا نہیں دیا جاتا۔ اس دباؤ اور طعنوں سے تنگ آ کر اس نے آخر کار ویمنس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر اس کے شوہر، ساس، سسر اور بہنوئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔