یومیہ ہزاروں روپئے گھر لانے پر اعتراض کے باوجود باز نہ آنے پر شوہر کا انتقامی اقدام
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : میاں بیوی کے جھگڑوں میں اکثر بیوی شوہر کی حرکتوں کو منظر عام پر لاتی ہے لیکن شہر میں اس کے برعکس ایک واقعہ پیش آیا جو سیاسی سماجی اور سرکاری حلقوں میں سنسنی کا سبب بنا ہوا ہے جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی کی کارستانیوں اور رشوت خوری کے معاملہ کا پردہ فاش کردیا ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ بیوی کی جانب سے چھپائی گئی رشوت کی رقم کا بھی خلاصہ کرتے ہوئے رقم کی ویڈیو کو وائرل کردیا ۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ویڈیو اور شوہر کی کارستانیوں پر مباحثہ جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے منی کنڈہ میونسپلٹی میں خدمات انجام دینے والی خاتون کے شوہر نے بیوی کی کارستانیوں کو منظر عام پر لایا ۔ خاتون میونسپلٹی میں خدمات کے دوران بڑے پیمانے پر رشوت حاصل کرتی ہے اور بڑے پیمانے پر رشوت خوری اور بدعنوانیوں کے معاملات میں ملوث ہے ۔ بیوی کی جانب سے ہر دن ہزاروں لاکھوں روپئے گھر لانا شوہر کو پسند نہیں آیا ۔ڈی ای ای دیویا جوتی ہر دن بڑی رقم گھر لایا کرتی اور گھر میں جہاں چاہے وہاں رکھ دیا کرتی تھی ۔ جب شوہر سرہاد نے اس مسئلہ پر بیوی سے بات کرنے کی کوشش کی تو وہ ہمیشہ ناراض ہوجایا کرتی تھی اور اعتراض کرنے پر جھگڑا کرتی تھی ۔ بیوی کی رشوت خوری شوہر کو پسند نہیں تھی اور مبینہ رسوائی سے پریشان ہو کر اس نے بیوی سے دوری اختیار کرلی تھی اور ویڈیو تیار کرتے ہوئے رشوت خور خاتون کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ اب اس ویڈیو کے متعلق سرکاری محکموں بالخصوص اے سی بی کی جانب سے جانچ کی جارہی ہے ۔ ویڈیو کی صداقت کا پتہ چلنے پر امکان ہے کہ ڈی ای ای دیویا جوتی کے خلاف محکمہ جاتی سطح پر بھی کارروائی ہوگی ۔ ع