حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدر نگر کے علاقہ میں ایک شخص نے بیوی کی ضد کے آگے ہار مانتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 28 سالہ ونپرتی مہیش نے کل رات اپنے مکان میں پھانسی لیکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہیش کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش نے 26 جنوری سال 2019 کے دن پشپا لتا سے شادی کی تھی ۔ مہیش پیشہ سے ڈانس ماسٹر تھا اور پشپا لتا بھی ڈانس ماسٹر تھی ۔ دونوں ایک ساتھ کام کرتے تھے ۔ جنہوں نے اپنی پسند سے شادی کرلی تھی اور یہ دونوں پشپا لتا کے بھائی کے مکان حیدر نگر کالونی میں رہتے تھے ۔ گذشتہ 10 دن سے دونوں میاں بیوی میں کام کے تعلق سے جھگڑا چل رہاتھا اور یہ جھگڑا تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پشپالتا آوٹ ڈور پروگرامس کرنا چاہتی تھی ۔ لیکن مہیش اس سے راضی نہیں تھا ۔ اس نے دوسرے شہروں میں ڈانس پروگرامس کرنے سے منع کیا اور بیوی کی اس خواہش پر اس شخص کو سخت اعتراض تھا لیکن خاتون اپنی خواہش پر اٹل تھی اور شوہر کے اعتراض کی اس نے پرواہ نہیں کی ۔ 26 نومبر کو وہ ڈانس پروگرام منعقد کرنے کیلئے وجئے واڑہ چلی گئی ۔ اس بات سے مہیش سخت ناراض تھا اور اس نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔