بیوی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے محبوبہ کو دھمکانے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد : بیوی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے محبوبہ کو دھمکانے والا شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے کارروائی کے دوران 25 سالہ اے ونئے کمار ساکن پیرزادی گوڑہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ شکایت گذار خاتون سے ونئے کمار کی دوستی فیس بک کے ذریعہ سال 2018 میں ہوئی تھی اور دونوں اچھے دوست بن گئے تھے ۔ سال 2019ء میں ملزم نے دوسری لڑکی سے شادی کرلی اور شکایت گذار لڑکی سے عاشقی کو جاری رکھا ۔ایک سال قبل ونئے کمار مالی پریشانیوں کا شکار ہوگیا اور اس نے آسان انداز سے پیسے کمانے کی خاطر سازش تیار کی اور محبوبہ کو دھمکانے کیلئے اس نے فون میں ’’ ٹیکسٹ ناؤ ‘‘ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا اور اس پر مختلف نمبرات رجسٹر کرتے ہوئے ان انجان نمبروں سے لڑکی کو دھمکانے لگا ۔ فون پر ناقابل بیان الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے لڑکی کی تصاویر اور ویڈیو کو وائرل کرنے کی دھمکی دی اور رقمی مطالبہ کیا جس کے بعد اس لڑکی سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے اس کے ساتھ نازیبا الفاظ کا استعمال اور غیر انسانی حرکتیں کرنے لگا ۔ لڑکی کی تصاویر کو چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس کی تصاویر کو روانہ کیا اور دھمکیاں دے رہا تھا کہ وہ رقم نہ دینے کی صورت میں ان تصاویر کو وائرل کردے گا ۔ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کو گرفتار کرلیا ۔