بیوی کی موت پر شوہر کی ہاسپٹل میں ہی خودکشی

   

حیدرآباد 27 جنوری (یو این آئی) بیوی کی موت کی اطلاع پر اس کے شوہر نے ہاسپٹل میں ہی خودکشی کرلی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے راجیوگاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(رمس) میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ20سالہ پلوی نے جمعہ کو کیڑے مار دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔اس کو علاج کے لئے رمس منتقل کیاگیا جہاں ہفتہ کی صبح علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اس کے شوہر28سالہ وجے نے اپنی بیوی کی موت کی اطلاع پر ہاسپٹل میں ہی کیڑے مار دوا کھا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ مہاراشٹر کے گورجا گاؤں سے تعلق رکھنے والی پلوی کی شادی گذشتہ سال 23 مئی کو وجے سے ہوئی تھی۔ جوڑے میں کوئی جھگڑا نہیں تھا اور وہ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے ۔ تاہم پلوی کو عادل آباد ضلع کے کولہاری علاقہ میں گھر سے دور رہنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اسے جمعہ کو اس کے بھائی نے یہاں چھوڑا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اس نے کیڑے مار دوا کا استعمال کیا اور گر پڑی۔ اس کوعلاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیاگیاتھا۔