بیٹسمین شکست کے ذمہ دار:محمود اللہ

   

   راجکوٹ۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے یہاں دوسرے ٹوئنٹی 20 میں اپنی ٹیم کی شکست کے اصل ذمہ دار مڈل آرڈر کی ناکامی کو قراردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہمان بیٹسمین کھیل کے درمیانی اوورس میں رنز کی رفتار کی پیمائش کرنے میں ناکام رہے۔ یوزویندر چہل (2/28) اور واشنگٹن سندر (1/25) کی ہندوستانی اسپن جوڑی نے درمیانی اوورز میں رنز کی روانی روک دی جس کے بعد بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں پر 153 رنز تک محدودکردیا گیا حالانکہ دوسرے میچ میں مہمان اوپنر نے ایک شاندار آغاز فراہم کیا تھا۔ محمود اللہ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں بہت زیادہ تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے لیکن کھیل میں کچھ ایسے شعبے موجود ہیں جہاں بہتری کی ضرورت ہے اور خاص کر جس طرح کی ہم بیٹنگ کررہے ہیں اسے ہمیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسرے مقابلے میں ہم نے شاندار آغاز کے بعد رنز کی رفتار کو کھو دیا ہے ، ہمیں 170 رنز کا اسکورمل سکتا تھا۔ ہم اننگز کے 12 ویں اوور میں 102-103 کے پاس تھے لہذا ہمیں 170-180 ملنا چاہئے تھا۔درمیانی اوور میں کچھ وکٹیں گنوا دینا ہمارے لئے نقصان کا سامان ثابت ہوا اور یہ وہ شعبے ہیں جن میں بہتری ضروری ہے۔ اوپنرز نے ہمیں بہت عمدہ آغاز فراہم کیا اور وہ 180 رنز سے زیادہ وکٹ تھی۔ وکٹ بیٹنگ کے لئے بہت اچھی تھی۔ بنگلہ دیش کے کپتان نے اعتراف کیا ہے کہ آغاز میں رنزکی رفتاربہتر تھی لیکن درمیانی اوورس میں جو کچھ ہوا اسے ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ محمود اللہ نے اپنے بیٹسمینوں پر یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے راجکوٹ کی عمدہ وکٹ پر کامیابی کیلئے درکار اسکوردرج نہیں کیا کیونکہ یہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار تھی۔ انہوں نے کہا مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ کے پاس ٹی 20 میں 40 سے زیادہ ڈاٹ بالز ہیں تو آپ کو میچ جیتنے کا امکان کم ہی ہے۔ ہم نے وہاں 38 ڈاٹ بال کھیلے۔ شاید یہ ٹھیک نہیں ہے لیکن اس میں بہتری کے امکانات ضرور موجود ہوں گے اور ہمارے بیٹسمینوں کو زیادہ ذمہ داری لینی پڑے گی۔ 154 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے کپتان روہت شرما کی عمدہ 43 گیندوں پر 85 رنز کی بدولت آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ ہندوستان کے کارگزار کپتان روہت شرما بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 100 بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔