بیٹنگ پھر ناکام، ہندوستان 242 رنز پر ڈھیر

   

کرائسٹ چرچ۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹنگ پھر ایک مرتبہ ناکام ہوئی ہے اور بیٹسمنوں کے چند ناقص اسٹوکس کی وجہ سے بھی مہمان ٹیم یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن 63 اوورس میں ہی 242 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر پارتھیو شا ، سینئر بیٹسمین چیٹیشور پجارا اور نوجوان بیٹسمین ہنوما وہاری کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستانی ٹیم ابتر صورتحال سے خود کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئی۔ پہلے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ہندوستانی بولروں کا 23 اوورس کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کسی وکٹ کے 63 رنز اسکور کرتے ہوئے دوسرے ٹسٹ میں بھی بہتر آغاز کیا ہے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا۔ نوجوان اوپنرس کی جوڑی پارتھیو شا اور مینک اگروال پھر ایک مرتبہ ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور پہلی وکٹ کے لئے دونوں نے 30 رنز اسکور کئے۔ اگروال نے 11 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے صرف 7 رنز ہی بنا پائے۔پجارا اور پارتھیو کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 50 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی پارتھیو نے 64 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ ہندوستان کو ویراٹ کوہلی (3)، اجنکیا رہانے (7)، ریشپھ پنت (12) اور رویندر جڈیجہ (9) کے جلد آؤٹ ہونے کا بھی کافی نقصان ہوا۔ پجارا نے 140 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 54 جبکہ وہاری نے 70 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جیمی سن نے 14 اوورس میں 45 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔