بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر آج گجرات اور پنجاب مدمقابل

   

احمدآباد: بلے بازوں کیلئے سازگار اور زیادہ اسکور والی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر آئی پی ایل 2025 کے پانچویں میچ میں گجرات ٹائٹنز اور پنجاب کنگز کے درمیان شائقین کوایک چیلنجنگ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ اگر دونوں ٹیموں کے درمیان پچھلے مقابلوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ ہمیشہ دلچسپ رہا ہے ۔ 2022سے 2024تک گجرات ٹائٹنز اور پنجاب کنگز کے درمیان پانچ میچوں میں سے چار مقابلے آخری اوور تک گئے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کس قدر سخت ہوتا ہے ۔ ان پانچ میچوں میں گجرات نے تین جبکہ پنجاب نے دو میچ جیتے ہیں۔ بلے بازی کے لحاظ سے دیکھا جائے تو گلین میکسویل مڈل اوورز میں جارحانہ بلے بازی کیلئے جانے جاتے ہیں۔ چھکے لگانے کے معاملے میں بھی میکسویل سب سے آگے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں میکسویل (161چھکے )، جوس بٹلر (160چھکے ) اور مارکس اسٹوئنس (91چھکے ) نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کی ٹیم میں ششانک سنگھ اور پربھ سمرن سنگھ جیسے ابھرتے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جو ہر تیسری یا چوتھی گیند پر کم از کم ایک باؤنڈری لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پنجاب کے پربھ نے اب تک 10 میچوں میں 154.72 کے اسٹرائیک ریٹ سے 229 رنز بنائے ہیں۔ دوسری جانب، گجرات کی ٹیم کو اس سیزن میں شبھ من گل اور بٹلر کی صورت میں نئی اوپننگ جوڑی ملی ہے ، جو پاور پلے میں تیزی سے رنز بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ گل نے 10 میچوں میں 147.7 کے اسٹرائیک ریٹ سے 383 رنز بنائے ہیں۔اگر گیند بازی کی بات کریں تو آئی پی ایل 2023سے اب تک سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں ورون چکرورتی (41وکٹ) پہلے نمبر پر، یوزویندر چہل (39وکٹ) دوسرے اور راشد خان (37وکٹ) تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ تینوں گیند باز اپنی ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہیں اور اپنے دم پر میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔گجرات کیلئے راشد خان اپنی نپی تلی گیند بازی کے لیے مشہور ہیں۔ راشد نے میکسویل کے خلاف 15 ٹی20اننگز میں صرف 117کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز دیئے ہیں اور انہیں تین مرتبہ آؤٹ بھی کر چکے ہیں۔ اگر راشد اپنی اس کارکردگی کو دہرائیں گے تو مڈل اوورز میں میکسویل کیلئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔