حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تین بیٹیوں کا قتل کرنے کے بعد خود کشی کرنے والے شخص روی کے معاملہ میں پولیس نے پیشرفت اختیار کرلی ہے ۔ سوکلا پولیس نے ریاست بھر میں سنسنی کا سبب بنے اس ہولناک مقدمہ میں 9 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جن میں 5 صحافتی بتائے گئے ہیں ۔ معروف تلگو اخبارات کے اسٹرینگرس کو پولیس نے کارروائی کا نشانہ بنایا ہے ۔ روی کے خلاف ہراسانی کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سماج کے ہر گوشے سے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ اور یہ معاملہ دن بہ دن زور پکڑتا جارہا تھا ۔ موکلا پولیس نے اس سلسلہ میں تروپتی راؤ کے علاوہ ایم سرینواس ، کے سرینواس ، ومیش ، ایس سرینواس ریڈی ، ایس پروین کمار ( اسٹرینگرس ) کے علاوہ راجو ، منیلہ اور راما کرشنا کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ہے ۔۔ ع
ایل بی نگر میں نوجوان خاتون کا قتل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ایل بی نگر کے علاقہ میں ایک نوجوان خاتون کا قتل کردیا گیا ۔ خاتون کا گلا کاٹ کر قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو نامعلوم قاتلوں نے ٹریفک پولیس کمپاونڈ کے قریب پھینک دیا ۔ پولیس ایل بی نگر نے اطلاع کے بعد کارروائی کا آغاز کیا اور پہلے اس خاتون کی شناخت کرلی ۔ جس کا نام ٹی جیوتی بتایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جیوتی بسنت سنگھ کی بیوی تھی جو فٹ پاتھ پر رہتی تھی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ نامعلوم افراد نے 10 مارچ کے دن اس کا قتل کردیا اور نعش کو چھوڑ کر چلے گئے ۔ ایل بی نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور قاتلوں کی تلاش جاری ہے ۔۔ ع
تنخواہ کے حصول میں رکاوٹ و دشواری سے دل برداشتہ خاتون کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تنخواہ کے حصول میں رکاوٹ اور دشواری سے دل برداشتہ ایک خاتون نے خود کشی کرلی ۔ حبیب نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 34 سالہ جے انیتا نے خود کشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انیتا ایس ڈی نگر علاقہ کے ساکن شخص بالراج کی بیوی تھی ۔ خاتون گذشتہ چند عرصہ سے سیل ٹیکس آفیس میں ہاوز کیپنگ کا کام کرتی تھی اور گذشتہ تین ماہ سے اس خاتون کو تنخواہ حاصل نہیں ہورہی تھی جس سے انیتا شدید دل برداشتہ ہوگئی اور اس نے آج صبح اپنے مکان میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
