برازیلیہ ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) برازیل کی ایک مجرمانہ گینگ کے سرغنہ نے جیل سے فرار ہونے کیلئے اُس وقت خود اپنی ہی بیٹی کا وضع قطع اختیار کرلیا جب وہ اپنے والد سے ملاقات کیلئے جیل پہنچی تھی ۔ جیل حکام کے مطابق گینگ کے سرغنہ کلاوینوڈی سلوا جس کی عرفیت ’’شارٹی‘‘ بھی تھی کیونکہ وہ ایک پستہ قد آدمی تھا ، نے بیٹی کا روپ بدل کر جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اُس کے چہرہ پر خوداعتمادی کی عدم موجودگی اور نروس ہوجانے سے جیل حکام نے بھانپ لیا کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے اور کلاوینو کو ایک بار پھر سلاخوں کے پیچھے جانا پڑا ۔ اُس کا منصوبہ تھا کہ خود بیٹی کا روپ اختیار کرکے جیل سے بھاگ جائے اور بیٹی کو وہیں چھوڑ جائے کیونکہ اُسے یقین تھا کہ اُس کے فرار ہوجانے کے بعد جیل حکام اُس کی بے قصور بیٹی کو بھی بہرحال رہا کردیں گے لیکن منصوبہ ناکام ہوگیا ۔
