ابوظہبی : دبئی کے ایک تاجر نے اپنی بیٹی کی یاد میں 3 ارب درہم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اعلان کردہ عطیہ متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کی جانب سے انسانیت کے لیے اب تک کی سب سے بڑی انفرادی امداد ہے۔عزیزی گروپ کے بانی اور چیئرمین مرویس عزیزی نے یہ عطیہ اپنی بیٹی فرشتہ عزیزی کی یاد میں کیا ہے جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئی تھیں، یہ فنڈز دبئی میں ایک غیر منافع بخش ہاسپٹل کی تعمیر کے لیے استعمال ہوں گے جو کینسر کے مریضوں کو مفت اور سستی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔اس ہاسپٹل کی تعمیر رواں سال شروع ہو جائے گی اور اسی طرح کے ہاسپٹل دنیا کے دیگر ممالک میں بھی تعمیر کیے جائیں گے۔فرشتہ عزیزی چند سال قبل کینسر کا شکار ہوئی تھیں اور ابتدائی علاج کے بعد وہ صحتیاب ہو گئی تھیں لیکن تقریباً 7 ماہ قبل ان کا کینسر دوبارہ لوٹ آیا اور 29 اکتوبر 2024 کو وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔