بیٹے نے باپ کی غرقابی کی فلم بندی کی

,

   

۔8 سالہ معصوم صورتحال کی سنگینی سے لا علم ‘سدی پیٹ میں دلسوز واقعہ
سدی پیٹ 19 جون ( سیاست ڈاٹ کام )ایک دلسوز واقعہ میں ایک آٹھ سالہ
لڑکے نے اپنے والد کے غرقاب ہونے کا منظر کیمرے میں قید کیا ۔ اس لڑکے کو صورتحال کی سنگینی کا احساس نہیں تھا ۔ یہ واقعہ کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کنال کے قریب اکارم پمپ ہاوز گجویل سدی پیٹ میں منگل کو پیش آنے کی اطلاع ہے ۔ اس معصوم لڑکے کی معصومیت کا پتہ اس ویڈیو میں چلتا ہے جب حالانکہ اس کا والد اپنے آپ کو تیز بہاو کے آگے بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہوتا ہے لیکن وہ اپنے بھائی اور ایک رشتہ دار سے اپنے والد کی پیراکی کی صلاحیت بیان کرتا ہے ۔ مقامی افراد کے بموجب 38 سالہ محمد محی الدین اکارم گاوں کے ساکن منگل کو اپنی اہلیہ اور بچوں 8 سالہ اکبر اور 6 سالہ سلمان ‘ اپنے بھانجے اور خوشدامن کے ساتھ کنال کو گئے ۔ کنال میں بہاو کو دیکھ کر وہ کنال میں اتر گئے ۔ اپنے دو بچوں اور بھانجے کو کنارے پر نہلانے کے بعد محی الدین اپنے فرزند اکبر کو ویڈیو شوٹ کرنے کہتے ہوئے آگے گئے ۔ حالانکہ کئی لوگ سمجھ رہے تھے کہ محی الدین پیراکی کر رہے ہیں لیکن پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے وہ بہتے گئے ۔ بیٹا اکبر دوسروں کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ میرے باوا وہاں تک بھی جاسکتے ‘‘ ۔ ویڈیو میں متوفی محی الدین کے آخری الفاظ یہ سنے گئے کہ ‘‘یہ ادھر دیکھو ‘‘۔ اس وقت ان کی اہلیہ اپنی والدہ سے کچھ بات کر رہی تھیں۔ بعد میں جب حالات کی سنگینی کا احساس ہوا تو محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی اور انہوں نے نعش کی تلاش شروع کی لیکن پتہ نہیں چلا سکے ۔ تاہم نعش جمعرات کو ساحل پر دستیاب ہوگئی ۔ پولیس اور آبپاشی حکام مسلسل عوام سے سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ یہاں کنالس میں پیراکی سے گریز کریں۔