پراگ 14 اگست (ایجنسیز) آئس ہاکی میچ میں پنالٹی دینے پر ایک ماں بیٹے کی ٹیم کیلئے ریفری سے لڑ پڑی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ چیک جمہوریہ میں ایک خاتون اس وقت بین الاقوامی سطح پر وائرل ہوئی جب انہوں نے نوجوانوں کے آئس ہاکی میچ کے دوران برف کے میدان میں داخل ہوکر ریفریز سے احتجاج کرتی نظر آئیں۔ خاتون نے کہاکہ اس کے بیٹے کی ٹیم کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے، بیٹے کی ٹیم 9-0 سے پیچھے تھی، یہ فرق ریفری کی جانب سے دی گئی ناانصافی پر مبنی پینلٹیزکی وجہ سے ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون میچ کے دوران غصے میں میدان میں داخل ہوتی ہیں اور ریفری سے بحث شروع کردیتی ہیں۔اس بحث مباحثے کے دوران انہوں نے ایک ریفری کو دھکا بھی دیا، جس کے بعد انہیں زبردستی میدان سے باہر نکال دیا گیا، مگر تھوڑی دیر بعد وہ دوبارہ میدان میں داخل ہوتی ہیں اور ریفری کو برا بھلاکہنا شروع کردیتی ہیں۔