برمنگھم: ہندوستانی مکسڈ بیڈمنٹن ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں گزشتہ روز (ہندوستان میں اتوار) کو گروپ اے کے ایک میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھا۔ گولڈ کوسٹ 2018 کامن ویلتھ گیمز چمپئن ہندوستان گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو 4-1 سے شکست دے کر گروپ اے میں سرفہرست ہے ۔ اب کوارٹر فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ ورلڈ چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے کدامبی سری کانت نے آسٹریلیا کے لن ژیانگ ینگ کے مقابل 21-14، 21-13 سے جیت کے ساتھ ہندوستان کو کامیاب آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد دو مرتبہ کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے چن وینڈی ہوان یو کو 21-10، 21-12 سے ہرا کر ہندوستان کو 2-0 کی برتری دلائی۔ ہندوستان نے مردوں کے ڈبلز میچ میں سومیت اور چراگ کی 21-16، 21-19 کی جیت کے ساتھ 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے ، حالانکہ آسٹریلیا نے چوتھے میچ میں واپسی کی۔ ویمنس ڈبلز میں ہوان یو اور گرونیا سومرویل کی جوڑی نے ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کو 21-13، 21-19 سے شکست دی۔ سومیت ریڈی اور اشونی پونپا کی مکسڈ ڈبلز جوڑی نے ژیانگ ینگ اور سومرویل کو 21-14، 21-11 سے ہرا کر چوتھے میچ میں ہندوستان کی 4-1 کی جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستان (5-0) اور سری لنکا (5-0) کو شکست دینے والی ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں آسٹریلیا کو بھی ہرا کر پہلے نمبر پر آئی، جبکہ سری لنکا دوسرے نمبر پر رہا۔