بیک وقت انتخابات سے ووٹرس میں الجھن ہوگی : دیوے گوڑا

   

بنگلورو 20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم و جے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہا کہ ایک ملک ایک انتخابات کی تجویز جو لوک سبھا و اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات سے متعلق ہے رائے دہندوں میں الجھن پیدا کرنے کا باعث ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے ان کے اپنے اندیشے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ابھی ہم نے اتنی ترقی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لچھ لوگ ہیں جنہوں نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے اور کچھ لوگ ہیں جنہوں نے اسے قبول نہیں کیا ہے ۔ ہمیں اس تعلق سے دیانتدار ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک پولنگ بوتھس ایک طرف اور اسمبلی انتخابات کیلئے دوسری طرف ہوتا ہے ایسے میں رائے دہندوں کیلئے الجھن پیدا ہوگی ۔ اس تجویز کیلئے یہ ایک مسئلہ ہے اور وہ اسی کے تعلق سے فکر مند ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ہی اس تجویز پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے غور و خوض کیا تھا ۔ کچھ جماعتوں نے اجلاس میںشرکت نہیں کی ۔