٭ لاڈ بازار آج سے آئندہ جمعہ تک بند ‘ تاجرین کا متفقہ فیصلہ
٭ ترپ بازار 27 جون سے 5 جولائی تک بند رہے گا
٭ بیگم بازار اور سدی عنبر بازار 28 جون سے 5 جولائی تک بند
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے واقعات اور اموات سے جہاں حکومت لا تعلق ہوگئی ہے وہیں اب تاجروںنے از خود بازار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شہر کے بڑے مارکٹ علاقوں میں تاجرین نے رضاکارانہ طور پر اپنی دوکانات بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کرانہ، فینسی اشیاء، جویلری اور سینیٹری کی مارکٹ کل سے ایک ہفتہ تک بند رہیں گی۔ شہر کی حالت اور اس مہلک مرض کے بڑھتے خطرات کو دیکھتے ہوئے تاجروں نے متفقہ فیصلہ لیا اور شہریوں سے اپنے مکانات میں رہنے کی اپیل کی۔ حالانکہ لاک ڈاؤن میں مارکٹ اور دوکانات کو کھولنے کی سرکاری اجازت کے جو لوگ منتظر تھے آج ان دوکانداروں نے خود فیصلہ کرلیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے اور مختلف گوشوں سے جولائی کے مہینہ کو آزمائشی قرار دیا جارہا ہے ۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد کا بازاروں میں آنا مشکلات کا سبب بنتا جارہا ہے اور سرکاری سرد مہری پر تشویش کا شکار شہریوں کیلئے تاجرین نے خود گھروں تک محدود رہنے کا راستہ نکالا ہے۔ لاڈ بازار جو ایک تاریخی حیثیت کا حامل بازار ہے گذشتہ ایک ہفتہ میں اس بازار کے معروف تاجرین کی اموات و حالات کو دیکھتے ہوئے اسوسی ایشن نے کل جمعہ سے آئندہ جمعہ تک مارکٹ کو بند کرنے کا اعلان کیا جبکہ بیگم بازار تاجرین پر مشتمل حیدرآباد کرانہ مرچنٹ اسوسی ایشن نے اتوار 28 جون سے آئندہ اتوار 5 جولائی تک مارکٹ کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ500 دکانات ایک ہفتہ تک مکمل طور پر بند رہیں گی اور تمام دوکانداروں نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے۔ بازار بند کرنے کے فیصلہ میں شامل ہوتے ہوئے حیدرآباد اور سکندرآباد سنیٹری ڈیلرس اسوسی ایشن نے بھی 27 جون تا 5 جولائی تک اپنی دوکانات کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیینٹری کی سب سے بڑی مارکٹ ترپ بازار کو ڈیلرس کی جانب سے بند کردیا جارہا ہے۔ اسوسی ایشن نے کورونا کے بڑھتے واقعات اور شہر میں اموات کو دیکھتے ہوئے از خود فیصلہ کیا ہے اور بازار کو بند رکھنا ہی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کا حل قرار دیتے ہوئے شہریوںسے اپنے مکانات میں رہنے کی اپیل کی ہے اور غیر ضروری مکانات سے باہر نہ آنے اور اپنا تحفظ آپ کرنے کی شہریوں سے درخواست کی۔ بیگم بازار ، لاڑ بازار اور ترپ بازار کے بعد سدی عنبر بازار کے گولڈ ٹریڈرس نے بھی کورونا وائرس کے بڑھتے واقعات اور خطرات کو دیکھتے ہوئے 28 جون تا 5 جولائی مارکٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان چار بڑے مارکٹس بند ہونے کے بعد امکان ہے کہ شہریوں کا مکانات سے نکلنا خود بخود بند ہوجائے گا اور کورونا وائرس پر قابو پانے میں یہ فیصلہ کافی مددگار ثابت ہوگا۔
