بیگم بازار میں فش مارکٹ کی تعمیر و تزئین نو،حفظان صحت پر توجہ، پارکنگ لاٹ کی فراہمی

   

حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) بیگم بازار میں فش مارکٹ کی تعمیر و تزئین نو پرکشش انداز میں کی گئی ہے۔ پہلے بیگم بازار میں مچھلی کی خریدی کے لئے آنے والوں کو بدبو کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب حالت تبدیل ہوگئی ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ بیگم بازار میں تزئین نو کی جارہی فش مارکٹ میں صحت و صفائی اور حفظان صحت اہم عنصر ہوگا اور ٹریفک کے مسائل بھی نہیں ہوں گے جس سے اس مارکٹ کو آنے والے کسٹمرس کو مشکلات ہورہی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس مارکٹ کو بہتر بنانے اور بہتر سہولتوں کی فراہمی اس کی تزئین نو کے لئے اقدامات کئے گئے جس کا کل وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر عوامی نمائندے اور عہدیدار موجود تھے۔ وزیر نے کہاکہ ’’اس مارکٹ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے اور اسے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر 9.5 کروڑ روپئے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس سہولت سے تقریباً 500 خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ وزیر انیمل ہسبنڈری نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فش مارکٹ کے قریب سیوریج لائن بچھانے کے لئے 33 لاکھ روپئے منظور کئے جائیں۔ اس دوران عہدیداروں نے کہاکہ بیگم بازار فش مارکٹ میں جو لوگ پہلے کاروبار کررہے تھے، انھیں اس مارکٹ میں اسٹالس الاٹ کئے جائیں گے۔ یہ نئی مارکٹ فش وینڈرس کو کام کی ایک اچھی جگہ فراہم کرنے کے علاوہ اس سے ٹریفک کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی ہوگی کیوں کہ نئی مارکٹ میں ایک پارکنگ لاٹ ہے جہاں کسٹمرس اپنی گاڑیاں پارک کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اب نئی سہولت کے ساتھ گوشت پر مکھیاں اور دھول جمع نہیں ہوگی۔ مچھلی فروخت کرنے والوں کو پہلے کے برعکس اب مستقل چھت بھی فراہم ہوگا۔ یہاں ٹریفک کے مسائل ایک عام منظر ہوا کرتا تھا کیوں کہ مچھلی فروخت کرنے والے جگہ کی قلت کی وجہ سڑک اور چبوتروں پر مچھلی فروخت کیا کرتے تھے۔ وقف کردہ پارکنگ لاٹ سے فش مارکٹ کے قریب سڑک پر ٹریفک کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔