حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے بیگم بازار میں دھاوا کرتے ہوئے بیرونی سگریٹس کے ذخیرہ کو ضبط کرلیا اور ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 7 لاکھ روپئے مالیتی سگریٹس کو ضبط کرلیا۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے آج انسپکٹر مسٹر سرینواس کی قیادت میں اولڈ فیل خانہ میں واقع رتنا کامپلکس پر دھاوا کیا جہاں عمارت کی تیسری منزل پر واقع ایک گودام میں سگریٹس کا ذخیرہ موجود تھا۔ بیرونی ممالک کے ممنوعہ فارن سگریٹس کے مختلف برانڈز پائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق 18 مختلف برانڈز کے 3,776 سگریٹس باکس کو ضبط کرلیا گیا جن کی مالیت 7 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے اس سلسلہ میں 48 سالہ شخص رن سنگھ ساکن فیل خانہ کو گرفتار کرلیا اور ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ مزید تحقیقات کیلئے بیگم بازار پولیس کے حوالے کردیا۔