شہر میں بڑھتے کورونا کیسوں کے پیش نظر حیدرآباد کرانہ مرچنٹ اسوسی ایشن کا فیصلہ
حیدرآباد۔18جون(سیاست نیوز) کرانہ مرچنٹ اسوسیشن نے شہر میں بڑھتے کورونا واقعات کو دیکھتے ہوئے تجارتی اوقات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر حیدرآباد کرانہ مرچنٹ اسوسی ایشن مسٹر لکشمی نارائن راٹھی نے بتایا کہ بیگم بازار میں ٹھوک کرانہ تاجرین صبح 9بجے کاروبار کا آغازکریں گے اور 3 بجے سہ پہر دکانات کو بند کردیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر بازاروں میں ہجوم کم کرنے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو کورونا سے پاک کرنے لازمی ہے کہ سماجی فاصلہ کے علاوہ ماسک کے لزوم کی پابندی کی جائے اس کے علاوہ ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے ہی گھروں سے باہر نکلیں تاکہ بازاروں میں ہجوم کم ہوسکے اور کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ تاجرین کی مرضی کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق تجارت کریں لیکن موجودہ حالات میں احتیاطی اقدام نہ کئے جائیں تو تجارت کا کوئی حاصل نہیں بلکہ متاثر ہونے پر نہ صرف متاثرہ مریض بلکہ افراد خاندان کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو اقدامات کر رہی ہے وہ اپنی جگہ اور حکومت کا لاک ڈاؤن نہ کرنے کا فیصلہ اسکا اختیار ہے لیکن بحیثیت شہری اپنی ذمہ داری پوری کرنے کرانہ تاجرین نے فیصلہ کیا کہ 9بجے صبح 3بجے سہ پہر تک کاروبار کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ 6گھنٹوں میں اضلاع کے گاہک کے علاوہ شہر کے ریٹیل تاجرین اور عوام خریداری کرسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے بھی 2بجے کے بعد پارسل بکنگ نہیں کی جا رہی ہے ان حالات میں تاجرین کو اپنی اور گاہکوں کے علاوہ شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے ۔