حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پر بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد پولیس چوکس ہوگئی۔ ایئرپورٹ حکام کو نامعلوم افراد نے بذریعہ میل پیغام روانہ کیا کہ ایئرپورٹ میں بم ہے۔ پیام میں ایئر پورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ اس اطلاع کے بعد سیکوریٹی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ بیگم پیٹ پولیس نے فوری بم اسکواڈ کو طلب کرلیا اور عملہ کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے سارے احاطہ کی مکمل تلاشی لی۔ تلنگانہ اسپیشل پروٹیکشن فورس اور سی آئی ایس آفیسر کی جانب سے ایئرپورٹ کی مکممل جانچ کے بعد سیکوریٹی حکام نے چین کی سانس لی اور اس میل کو جھوٹا قرار دیا۔ جس میل کے ذریعہ بیگم پیٹ ایئرپورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی اس کی جانچ کی جارہی ہے اور میل روانہ کرنے والوں کی شناخت کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سائبر کرائم پولیس کی جانب سے میل کی تفصیلات کو حاصل کیا جارہا ہے۔ پولیس اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔ ع