حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے وزارت شہری ہوا بازی، فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اور ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ وِنگس انڈیا 2024 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر18 تا 21 جنوری وِنگس انڈیا 2024 ایونٹ منعقد ہوگا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جاریہ سال یہ ایونٹ بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا جس میں نئے تیار کردہ ایر کرافٹ نمائش کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ طیارے تیار کرنے والی مختلف کمپنیاں اور ہوا بازی سے متعلق خدمات انجام دینے والے ادارے اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ مختلف ممالک کے نمائندوں کے علاوہ مختلف ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے عہدیدار شریک ہوں گے۔ چیف سکریٹری نے ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کے پیش نظر پارکنگ کے موثر انتظامات کی پولیس کو ہدایت دی۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام کو صفائی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے افراد میں صحت و صفائی سے متعلق شعور بیدار کیا جائے۔ 16 جنوری سے بیگم پیٹ ایر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی کی اجازت نہیں رہے گی ۔ پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس، ڈائرکٹر چیمبر آف کامرس منوج، ڈائرکٹر ایویشین بھرت ریڈی، ڈائرکٹر بیگم پیٹ ایر پورٹ پی کے ہزاری اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔1