نظام آباد:4/ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ میں بارش کی وجہ سے صورتحال سنگین ہے۔ وزیراعلیٰ کے دورہ کاماریڈی کے پیش نظر یلارڈی کے رکن اسمبلی جے سورندھر کے علاوہ بی آر ایس کے کئی قائدین کو پولیس نے بغیر کسی وجہ کے گھروں میں نظربند کرتے ہوئے قبل از وقت گرفتاریاں کی ہیں جو سراسر غیر جمہوری رویہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے سوریندر کی حیدرآباد رہائش گاہ کے اطراف بیس سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کرتے ہوئے انہیں ہاؤس اریسٹ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ متحدہ نظام آباد ضلع میں حالیہ سیلاب سے تباہ ہونے والی ہر ایکڑ فصل کے لیے 25 ہزار روپے معاوضہ، مہلوکین کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے معاوضہ اور ٹوٹے ہوئے تالاب کی تعمیر، سڑکوں اور پلوں کی مرمت کے لیے 100 کروڑ روپے فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو صفحہ ہستی سے مٹانا کسی کے بس کی بات نہیں اور عوامی مسائل پر پارٹی کی جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔