بی آرایس کارکنوں کو رقم کے ساتھ کانگریس کارکنوں نے پکڑلیا

   

حیدرآباد29نومبر(یواین آئی) شہرحیدرآباد کے مدھورانگر پولیس اسٹیشن حدود میں رائے دہندوں میں رقم کی تقسیم کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈروں نے حکمران جماعت بی آرایس کے کارکنوں کو پکڑلیا۔اس بات کی شکایت پولیس سے کی گئی جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر مندر کے چیئرمین چنا رمیش کو حراست میں لے لیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ ان کے پاس سے 25 ہزار روپے ضبط کئے گئے ۔اس واقعہ کا سنگین نوٹ لیتے ہوئے کانگریس کارکنوں نے پولیس کی لاپرواہی کی شدید مذمت کی اور پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کوئی کارروائی کرنے میں کوتاہی کررہی ہے ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی بی آرایس کے کارکن بھی بڑی تعداد میں وہاں جمع ہوگئے جنہوں نے بھی جوابی احتجاج شروع کردیا۔
جس سے کچھ دیر کیلئے کشیدگی پھیل گئی۔پولیس نے صورتحال کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ان کارکنوں کے جذبات کو سرد کیا اور بعد ازاں ان کو وہاں سے منتشر کردیاگیا۔اسی دوران ورنگل ضلع میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لیے رکھے گئے کرنسی نوٹس کے بنڈل پولیس نے ضبط کرلئے ۔ وردھنا پیٹ منڈل کے بوکلاگوڈم گاؤں میں بی آر ایس بوتھ کنوینر کے مکان پر فلائنگ اسکواڈ نے چھاپہ مارا جس پر فلائنگ اسکواڈ کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم ملی۔ پولیس نے یہ رقم ضبط کرلی اور تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔