حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کی صحت تشویشناک ہے۔ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کے ارکان خاندان نے گچی باؤلی کے اے آئی جی ہاسپٹل میں سے انہیں رجوع کیا تھا ۔ ڈاکٹرس نے انھیں آئی سی یو کے انتہائی نگہداشت میں رکھا ہے اور ان کی صحت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ انھیں آئندہ 48 گھنٹوں تک انتہائی نگہداشت میں رکھا جائیگا۔ جمعرات کی شام اچانک ہی بی آر ایس رکن اسمبلی کی موت واقع ہوجانے کی افواہیں گشت کررہی تھیں۔ ان افواہوں کے دوران بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ کے بشمول پارٹی کے کئی قائدین ہاسپٹل پہونچ گئے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا میں اُن کے انتقال کی خبریں گشت کررہی تھیں۔ تاہم ہریش راؤ نے ڈاکٹرس سے ملاقات کے بعد ان افواہوں کو مسترد کردیا اور بتایا کہ گوپی ناتھ کا علاج جاری ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ گوپی ناتھ کے ارکان خاندان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں۔ گوپی ناتھ زیرعلاج ہیں۔2