بودھن میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم سے سدرشن ریڈی کا خطاب
بودھن ۔ 7 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم پی امیدوار کانگریس پارٹی حلقہ نظام آباد جیون ریڈی کے انتخابی جلسہ سے بودھن کے موضع پگڑاپلی میں رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس حکومت برسر اقتدار آنے کے صرف سو دنوں میں تیس ہزار بے روزگار نوجوانوں کو معزز چیف منسٹر ریونت ریڈی نے روزگار فراہم کیا۔ گزشتہ دس سالوں سے تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت اور مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار رہے نہ ہی ریاست تلنگانہ میں قومی سطح پر بے روزگار نوجوانوں کو ریاستی حکومت ہو یا مرکزی حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ایم پی نظام آباد ڈی اروند گزشتہ پانچ سالوں کے دوران نظام آباد کے لئے کوئی بھی قابل ذکر ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے۔ اس انتخابی جلسے سے امیدوار ایم پی جیون ریڈی شیخ محی الدین پاشاہ ٹی نوین، غوث الدین، گنگا شنکر و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ جیون ریڈی کی موضع پکڑاپلی آمد پر مقامی کانگریس پارٹی کے قائدین اور سرگرم پارٹی کارکنوں نے امیدوار جیون ریڈی اور سدرشن ریڈی کا آتش بازی اور شال پوشی و گل پوشی کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔
