بی آر ایس ، بی جے پی ایک سکے کے دو رُخ

   

کوہیر میں روڈ شو ،ریاستی وزیر محمد اظہرالدین کا خطاب ، کانگریس کو کامیاب کرنے کی اپیل
کوہیر۔ 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر اقلیتی بہبود و انچارج میونسپل انتخابات ضلع سنگاریڈی محمد اظہرالدین نے آج کوہیر میونسپل بلدی انتخابات کے موقع پر روڈ شو سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس، بی جے پی دونوں ایک سکے کے دو رُخ ہیں۔ اگر آپ بی آر ایس کو ووٹ ڈالتے ہیں تو وہ بی جے پی کو جائے گا۔ کوہیر ایک نوتشکیل شدہ میونسپلٹی ہے جہاں عوامی مسائل بھی بہت زیادہ ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت بلدیاتی ترقی کیلئے کروڑہا روپئے فنڈ جاری کرتے ہوئے عوام کی حقیقی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کوہیر کی ترقی کیلئے کوہیر میونسپل میں کونسلروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ ڈاکٹر اے چندر شیکھر انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی ظہیرآباد نے بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں غریب خاندانوں کو سفید راشن کارڈس نہ دینے والی بی آر ایس کو غریب عوام کا ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔ محمد شمشیر علی صدر کانگریس کوہیر ٹاؤن نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر کو نئی میونسپلٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس کی ترقی کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کوہیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوہیر کی ترقی کیلئے کانگریس کے کونسلروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائد ڈاکٹر اجول ریڈی ، کوہیر میونسپل کے جملہ 16 امیدواروں کے علاوہ کانگریس قائدین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔