چیف منسٹر ریونت ریڈی کا الزام، تاریخی چارمینار کے دامن میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ
حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں دونوں پارٹیاں مذہب کی بنیاد پر ووٹ تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہیں لہذا عوام کو دونوں پارٹیوں سے چوکس رہنا چاہئے۔ چیف منسٹر آج تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگاری کمیٹی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ آنجہانی راجیو گاندھی نے 1990 میں تاریخی چارمینار سے سدبھاونا یاترا کا آغاز کیا تھا جس کی یاد میں ہر سال تقریب منائی جاتی ہے اور نمایاں خدمات پر کسی شخصیت کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب میں چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے اور وہ مذہب کی بنیاد پر ووٹ تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2024 لوک سبھا انتخابات میں 8 حلقہ جات میں بی آر ایس نے بی جے پی کی کامیابی میں مدد کی اور ان حلقہ جات میں بی آر ایس کو ضمانت بھی حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں بی آر ایس کو 37 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے لیکن ایک سال بعد لوک سبھا چناؤمیں بی آر ایس کا ووٹ فیصد گھٹ کر 15 فیصد ہوگیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ 22 فیصد ووٹ آخر کہاں گئے؟ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جوبلی ہلز میں دونوں پارٹیوں کی سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کی فراہمی میں دونوں پارٹیاں رکاوٹ بن چکی ہیں۔ چیف منسٹر نے جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کے رول کا ذکر کیا اور کہا کہ مہاتما گاندھی کے بعد اندرا گاندھی اور پھر راجیو گاندھی نے ملک کی ایکتا اور یکجہتی کے لئے اپنی جان قربان کی۔ چیف منسٹر نے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور ان کے خاندان کی ملک کے لئے نمایاں خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خورشید کے دادا ڈاکٹر ذاکر حسین نے مہاتما گاندھی کے ساتھ کام کیا تھا اور وہ ملک کے صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ سلمان خورشید کے والد خورشید عالم خاں بھی مرکزی حکومت میں شامل رہے اور انہوں نے اندرا گاندھی کے ساتھ کام کیا۔ سلمان خورشید کو اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا شاید ہی کو خاندان ایسا ہے جس کی تین نسلوں نے ملک کے لئے خدمات انجام دی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ کے وقار میں سلمان خورشید نے اضافہ کردیا ہے اور سلمان خورشید کو ایوارڈ سے ملک بھر میں ایوارڈ کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ چیف منسٹر نے 21 سال کے نوجوانوں کو اسمبلی اور پارلیمنٹ کے لئے مقابلہ کرنے کی اجازت دینے دستوری ترمیم کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ووٹ دینے کی عمر کو 21 سے گھٹاکر 18 کردیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جب آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار کم عمری میں ملک کو چلاسکتے ہیں تو پھر 21 سال کی عمر میں نوجوانوں کو الیکشن لڑنے کا حق دیا جانا چاہئے۔ تلنگانہ اسمبلی میں اس سلسلہ میں جلد قرارداد منظور کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے سلمان خورشید سے خواہش کی کہ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سے منظوری حاصل کرکے دستوری ترمیم کی ذمہ داری قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سماجی انصاف کی فراہمی کے لئے ایس سی زمرہ بندی اور طبقاتی سروے کی کامیاب تکمیل کی۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے صدارت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تاریخی چارمینار کے دامن میں قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں وزیر مال پی سرینواس ریڈی، رکن اسمبلی مدن موہن، رکن کونسل بی وینکٹ، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ 1