شادی کا دعوت نامہ، سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ایم ملا ریڈی اور ایم راج شیکھر ریڈی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ میڑچل کے رکن اسمبلی ملا ریڈی نے اپنی دختر کی شادی کا دعوت نامہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حوالہ کیا اور نوبیاہتا جوڑے کو آشیرواد دینے تقریب میں شرکت کی اپیل کی۔ ملاریڈی کے ہمراہ ان کے داماد اور ملکاجگیری کے رکن اسمبلی ایم راج شیکھرریڈی موجود تھے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا بھی موجود تھے۔ اسی دوران بی آر ایس ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد ملا ریڈی نے کانگریس میں شمولیت کی مساعی کی تھی۔ انہوں نے کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے کی اپیل کی۔ تاہم چیف منسٹر ریونت ریڈی انہیں کانگریس میں شامل کرنے کیلئے تیار نہیں ہوئے جس کے نتیجہ میں شمولیت کا مسئلہ تعطل کا شکار ہوگیا۔ ملاریڈی نے بی آر ایس دور حکومت میں اسوقت کے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ کانگریس حکومت نے ملاریڈی اور ان کے داماد کے تعلیمی اداروں کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ ملا ریڈی نے گذشتہ دنوں چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ اسوقت یہ قیاس آرائی کی گئی کہ ملاریڈی تلگودیشم میں واپس ہوسکتے ہیں ان کی آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد پھر ایک بار قیاس آرائیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔1