بی آر ایس امیدوار سنیتا نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا

   

دو سالہ ناکامی اور دس سالہ کامیابی کے درمیان مقابلہ : کے ٹی آر

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے امیدوار سنیتا نے پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ یہ ضمنی انتخاب پارٹیوں اور امیدواروں کے درمیان نہیں بلکہ دو سالہ کانگریس کی ناکامی اور 10 سالہ بی آر ایس کی کامیابی کے درمیان ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز سے مقابلہ کرنے والی سنیتا کی کامیابی کے لئے ریاست کی ایک کروڑ 67 لاکھ خواتین نیک خواہشات کا اظہار کررہی ہیں کیونکہ ان کی کامیابی کے بعد ہی ریاست کی خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے معاوضہ ملنے کے امکانات ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقات مطمئن نہیں ہے۔ اقتدار حاصل کرنے کیلئے کانگریس نے سب کیلئے کچھ نہ کچھ وعدے کرتے ہوئے حکومت تشکیل دی لیکن وعدوں کی عمل آوری میں پوری طرح ناکام ہوگئی۔ کسانوں کے مکمل قرض معاف نہیں کئے گئے۔ دو لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا بیروزگار نوجوانوں سے وعدہ کیا گیاجو فراموش کردیا گیا جس سے حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم میں ایک تولہ سونا بطور تحفظ دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن عمل نہیں ہوا۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے حصول تک ماہانہ 4 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا، اس کو بھی نظر انداز کردیا گیا ۔ کالج کی لڑکیوں کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا ، اس سے بھی انحراف کیا گیا ۔ نوجوانوں کو خودوروزگار کیلئے سبسیڈی لون فراہم کرنے لاکھوں درخواستیں قبول کی گئیں لیکن اس پر خاموشی اختیار کرلی گئی اور وہ نوجوان حکومت کے فیصلہ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کو ہر سطح پر دھوکہ دیا گیا۔ مسلمان امید کر رہے تھے کہ جوبلی ہلز سے کسی مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا لیکن یہاں بھی مسلمانوں کو مایوس کیا گیا۔ سماج کے تمام طبقات جوبلی ہلز میں کانگریس کو شکست دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ میناریٹی ڈکلیریشن ، بی سی ڈکلیریشن ، ایس سی ڈکلیریشن ، ایس ٹی ڈکلیریشن کسی پر بھی عمل آوری نہیں کی گئی۔ ریاست کے علاوہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس کے حق میں لہر چل رہی ہے جس سے کانگریس پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور فہرست رائے دہندگان میں بوگس ووٹوں کو شامل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ باوجود اس کے وہ اس میں بھی ناکام ہوجائے گی۔ 2