بی آر ایس اور بی جے پی میں انتخابی مفاہمت سے کانگریس کو نقصان

   

رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کی پی جے کورین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے پی جے کورین کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی نتائج پر اپنی رائے پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو 12 تا 13 نشستوں پر کامیابی یقینی تھی لیکن بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت کے نتیجہ میں صرف 8 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر اسمبلی انتخابات کے مقابلہ لوک سبھا چناؤ میں رائے دہی کا فیصد کم رہا۔ کرن کمار ریڈی کا کہنا تھا کہ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر رائے دہی کے فیصد میں کمی سے کانگریس کی کامیابی کے امکانات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا چناؤ میں عوام کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں اور کانگریس پارٹی نے قومی مسائل پر انتخابی مہم چلائی تھی ۔ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کا راست مقابلہ بی آر ایس سے تھا جبکہ لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس اور بی جے پی میں متحدہ طور پر کانگریس کا مقابلہ کیا۔ شکست سے دوچار ہونے کے بعد کانگریس کو نقصان پہنچانے کیلئے بی آر ایس نے بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کرلی۔ رائے دہی کے موقع پر بی آر ایس قائدین کو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے پایا گیا ۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے کئی حلقہ جات میں بی آر ایس نے مضبوط امیدوار کھڑا نہیں کئے تھے ۔ 1