بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد : ایم اے فہیم

   

کے ٹی آر کے دہلی دورے سے عیاں ، مہاراشٹرا میں کانگریس کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے بی جے پی کی مدد کی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : صدر نشین تلنگانہ فوڈ کارپوریشن و ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایم اے فہیم نے کے ٹی آر پر دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس کو مہاراشٹرا میں ووٹ نہ دینے کی اپیل کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان میچ فکسنگ ہے کے ٹی آر کے دہلی دورے سے اس کا انکشاف ہوگیا ہے ۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے بی جے پی کو ختم کرنے کے بلند دعوے کیے جاتے ہیں ۔ جب کانگریس پارٹی مہاراشٹرا میں بی جے پی اور اس کے حلیف جماعتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی کوشش کررہی ہے تو بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر عجلت پسندی میں دہلی پہونچ گئے ۔ بی جے پی قائدین سے ملاقات کرنے کے بعد دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ نہ دینے کی مہاراشٹرا کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے بالراست بی جے پی کو ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ جس کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ ساز باز ہے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں بی آر ایس نے بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے ۔ صدر جمہوریہ کے انتخابات راجیہ سبھا صدر نشین کے انتخابات میں بی جے پی امیدواروں کو ووٹ دیا ہے ۔ اس کے علاوہ نوٹ بندی ، جی ایس ٹی ، کشمیر کے آرٹیکل 370 کی منسوخی ، تین طلاق کے علاوہ بی جے پی کے دیگر بلز کی مکمل تائید و حمایت کی ہے ۔ کے سی آر کا خاندان مختلف اسکامس میں ملوث ہے ۔ جیل جانے سے بچنے کیلئے کے ٹی آر دہلی پہونچکر بی جے پی قائدین سے ملاقات کی ہے ۔ بی جے پی کو مہاراشٹرا میں فائدہ پہونچانے کیلئے کانگریس کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی ہے ۔۔ 2