بی آر ایس اور مجلس پر بی جے پی کی مدد کرنے کا الزام: ریونت ریڈی

   

شراب اسکام پر مودی سے معاہدہ، کویتا کوجیل بھیج کر ہمدردی کی لہرکی کوشش

حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی دونوں علحدہ نہیں ہیں اور کشن ریڈی دراصل کے سی آر کے حامیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کو بی جے پی کا ریاستی صدر مقرر کرنے کی درپردہ اہم وجوہات ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس ایک گروپ کی شکل میں کانگریس پر حملہ کررہے ہیں اور وہ انفرادی طور پر کانگریس کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے اجلاس اور پروگرام اس بات کا ثبوت ہیں کہ تینوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر تینوں پارٹیوں نے علحدہ پروگرام رکھے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے پروگراموں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ دہلی کے شراب اسکام میں بی جے پی اور بی آر ایس پر ڈرامہ بازی کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر الیکشن جیتنے کیلئے اپنی دختر کو جیل بھیجنے تیار ہیں۔ نریندر مودی، امیت شاہ اور جے پی نڈا نے کے سی آر پر ہمیشہ تنقید کی لیکن سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے ایک کیس بھی درج نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر کے کرپشن کے خلاف بی جے پی نے ایک بھی تحقیقات کا اعلان کیوں نہیں کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کو کے سی آر نے اے ٹی ایم کے طور پر استعمال کیا۔ کالیشورم سے کمیشن کافی نہیں ہوا لہذا دہلی کے شراب اسکام کو انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے کالیشورم سے حاصل ہونے والی رقم شراب اسکام میں شامل کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کالیشورم کے کمیشن میں بی جے پی کا بھی حصہ ہے۔ اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کو چھپانے کیلئے دونوں پارٹیاں کانگریس کو نشانہ بنارہی ہیں۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ بیٹی کو جیل بھیج کر ہمدردی کی لہر پر الیکشن میں کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نریندر مودی سے معاہدہ کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو دہلی کی تہاڑ جیل میں رکھا جائے تاکہ انہیں عوامی ہمدردی حاصل ہو۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت کے خلاف مرکز نے کارروائی کی لیکن کے سی آر کے خلاف ایک بھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور مجلس بی جے پی کی باہر سے مدد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کا آغاز انتخابات کے پیش نظر کیا گیا۔