تلنگانہ کی معیشت تباہی کیلئے دونوں جماعتیں ذمہ دار، جلسہ عام سے فڈنویس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 فبروری (راست) مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے کانگریس اور بی آر ایس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں بدمعاش جماعتوں کی وجہ تلنگانہ قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔ کاغذنگر میں بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی غلط پالیسیوں نے تلنگانہ کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ فڈنویس نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش کے دور میں مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے درمیان آبی تنازعات 20 سے 25 سال تک جاری رہے لیکن علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد مہاراشٹرا نے کبھی تنازعہ نہیں چاہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2015ء میں اس وقت کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ خود ان کے پاس آئے اور دریائے گوداوری کا پانی فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے واضح کہا تھا کہ پانی کے معاملے میں تنازعات نہیں ہونے چاہئے کیونکہ ہم ہندوستانی ہیں۔ فڈنویس نے کہا کہ بیاریجس کی بلندی کم کی جائے تو تلنگانہ مزید زرخیز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بغیر کسی تنازعہ کے تلنگانہ کو پانی فراہم کرنے کا فیصلہ تاریخ میں ایک مثال ہے اور آج ریاست میں آبپاشی کی پیشرفت ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس اور کانگریس نے میڈی گڈہ پراجکٹ کے سبب زیرآب آنے والی مہاراشٹرا کی اراضیات کے معاوضے کا وعدہ کیا مگر پانی حاصل کرنے کے باوجود کسانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا۔ فڈنویس نے کہا کہ بعد میں ان کی حکومت نے مہاراشٹرا کے کسانوں کو معاوضہ فراہم کرتے ہوئے کسانوں سے انصاف کیا۔ چیف منسٹر فڈنویس نے بتایا کہ سرپور کے رکن اسمبلی نے پرانہیتا پراجکٹ سے متعلق سوال کیا ہے۔ وہ رکن اسمبلی ہریش بابو کو بلدیاتی انتخابات کے بعد مہاراشٹرا آنے کی دعوت دی۔ فڈنویس نے کہا کہ اگر پڑوسی ریاست تلنگانہ کو نقصان پہنچائے بغیر اچھے منصوبے بنائے جاتے ہیں تو مہاراشٹرا ان کا خیرمقدم کرے گا کیونکہ کسانوں سے انصاف ہونا۔ فڈنویس نے اعلان کیا کہ بیلم پلی، گڈچرولی قومی شاہراہ کی تعمیر کا کام آئندہ چند دنوں میں مرکزی حکومت کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ میونسپل انتخابات میں این ڈی اے نے مہاراشٹرا میں کامیابی حاصل کی چونکہ تلنگانہ مہاراشٹرا کی پڑوسی ریاست ہے اس لئے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی مہاراشٹرا کی ہوا چلنے والی ہے۔2