پیٹ میں گہرے زخم آئے ۔ حملہ آور پکڑا گیا ۔ چیف منسٹر نے دواخانہ پہونچ کر عیادت کی
حیدرآباد30۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات جیسے جیسے قریب آتے جا رہے ہیں ، ریاست میں سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن آج انتخابی مہم کے دوران بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ پر ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے زخمی کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کتہ پربھاکر ریڈی پر سدی پیٹ کے سورم پلی ولیج دولت آباد منڈل میں انتخابی مہم میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کردیا۔ حملہ آور کی شناخت جی راجو کی حیثیت سے کی گئی جو خود کو V90 نیوز کا رپورٹر قرار دیتا ہے۔ حملہ کے بعد انتخابی مہم میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا اور اس حملہ میں رکن پارلیمنٹ کے پیٹ پر گہرا زخم آیا۔ رکن پارلیمنٹ کو فوری گجویل کے مقامی دواخانہ میں طبی امداد دی گئی اور ہنگامی حالت میں شہر کے کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آور جی راجو نے رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی سے ملاقات کے بہانے قریب آکر ان پر اچانک باورچی خانہ کی چاقو سے حملہ کردیا۔ اس حملہ کے بعد بی آر ایس کارکنوں نے حملہ آور کو پکڑ کر شدید زد و کوب کیا جس میں وہ زخمی ہوگیا۔ سدی پیٹ پولیس نے حملہ آور راجو کے خلاف قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ اس واقعہ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ یہ حملہ رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی پر نہیں چندر شیکھر راؤ پر ہے ۔ چیف منسٹر نے دواخانہ پہنچ کر زخمی رکن پارلیمنٹ کی عیادت کی۔قبل ازیں حملے کی اطلاع پر چیف منسٹر نے اس کی مذمت کی تھی اور دکھ کا اظہار کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس طرح کا جارحانہ حملہ افسوسناک ہے اور ایسی سرگرمیوں کیلئے جمہوریت میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوامی فیصلے کا سامنا کئے بغیر حملوں کی سیاست کو اختیار کرنا باعث شرم ہے ۔ چیف منسٹر نے عوام ‘ بی آر ایس قائدین اور پارٹی ورکرس سے اپیل کی کہ وہ انتخابی مہم کے دوران غیر سماجی عناصر پر نظر رکھیں اور چوکسی اختیار کی جائے ۔ ب