بی آر ایس ’’ایک خاندان ایک ٹکٹ‘‘ پر عمل نہیں کرپائے گی

   

چیف منسٹر کو ازسرنو غور کرنے کی ضرورت، سینئر قائدین کو سیاسی جانشین کیلئے کوشش نہ کرنے سربراہ پارٹی کا مشورہ

حیدرآباد۔14 ۔جون(سیاست نیوز) بھارت راشٹرسمیتی ’ایک خاندان ایک ٹکٹ‘ پر عمل آوری نہیں کرپائے گی ! اگر ایسا کیا جاتا ہے تو اس کا راست اثر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان پر ہوگا اور کے سی آر کو خود اپنے افراد خاندان کو ٹکٹ دینے کے متعلق ازسر نو غور کرنا پڑسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی کے سینیئر قائدین کو اپنے سیاسی جانشین کے لئے ٹکٹ کی کوشش نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نئی نسل کے لئے خود مقابلہ کرتے ہوئے ٹکٹ کیلئے کوشش نہ کریں۔ تلنگانہ کے بیشتر وزراء اپنے خاندان میں ٹکٹ کے حصول کیلئے کوشش کر رہے ہیں جن میں سبیتا اندراریڈی ‘ ٹی سرینواس یادو‘ پدما راؤ گوڑ ‘ جی سکھیندر ریڈی ‘ پوچارم سرینواس ریڈی ‘ باجی ریڈی گوردھن ریڈی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ ان قائدین کی جانب سے اپنے سیاسی جانشینوں کیلئے ٹکٹ کے حصول کی کوششوں کے دوران کہا جار ہاہیکہ بھارت راشٹر سمیتی وزراء‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمان‘ پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی جانشین کے طور پر اپنے بچوں کا انتخاب نہ کریں کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ’’خاندانی سیاست‘‘ کے الزامات عائد کرنے شروع کردیئے ہیں اور اگر مسلسل بی جے پی خاندانی سیاست کی بات کرتی ہے تو ایسی صورت میں بھارت راشٹر سمیتی ایسے امیدواروں کو میدان میں نہیں اتارسکتی جو موجودہ وزراء ‘ ارکان اسمبلی یا ارکان پارلیمان کے فرزند یا خاندان سے تعلق رکھنے والے ہیں۔تلنگانہ میں کانگریس نے ایک خاندان ایک ٹکٹ کے نظریہ کو اختیار کیا ہے اور کانگریس کی جانب سے سینیئر قائدین جو مقابلہ کر رہے ہیں ان کے فرزند یا دختر کو ٹکٹ دینے کی پالیسی ترک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندراریڈی کے فرزند کارتک ریڈی کو مہیشورم سے رکن اسمبلی کا ٹکٹ دلوانے کی کوشش میں ہیں جبکہ جی سکھیندر ریڈی اپنے فرزند امیت کیلئے ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت راشٹرسمیتی ذرائع کے مطابق ریاستی وزیر ملاریڈی کے داماد راج شیکھر ریڈی اور تلسانی سائی کرن کا تجربہ پارٹی قیادت کے سامنے ہے اور سابقہ عام انتخابات کے دوران ان امیدواروں کی شکست سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دے رہی ہے۔ بتایاجاتا ہیکہ پارٹی قیادت کا کہناہیکہ ریاست تلنگانہ میں اگر پارٹی سیاسی جانشینوں کو ٹکٹ دیتی ہے تو ایسی صورت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس کا فائدہ ہوگا اسی لئے پارٹی ممکنہ حد تک خاندانی سیاست سے دور رہنے کی کوشش کررہی ہے۔م
ادارہ سیاست میں خوشنویسی کی کلاسیس ، رجسٹریشن جاری
حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے چند روز قبل منعقدہ کامیاب ورکشاپ کے بعد ادارہ کی جانب سے باضابطہ یکم جولائی 2023 سے خوشنویسی کی کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ خوشنویسی سیکھنے کے خواہشمند خواتین و مرد رجسٹریشن کروالیں۔ عمر اور قابلیت کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 جون ہے۔ نشستیں محدود ہیں ، کلاس ہر اتوار کو چھٹی کے دن ہوگی۔ مزید تفصیلات کیلئے 9177790509 یا 9848256515 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔