شوگر فیکٹری ملازمین کی زنجیری بھوک ہڑتال کیمپ کو برخواست کردیا گیا
بودھن /16 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابقہ نظام شوگر فیکٹری شکر نگر بودھن کے گراؤنڈ میں آج منعقدہ بی آر ایس پارٹی کے بوتھ کمیٹی کے عہدیداروں کے اجلاس کے آغاز سے قبل پولیس نے شوگر فیاکٹری کے سامنے اپنے مطالبات کو منوانے سابقہ ملازمین کیجانب سے تقریباً 12 دنوں سے جاری زنجیری بھوک ہڑتال کو برخواست کردیا اور عارضی طور پر قائم کردہ بھوک ہڑتالی کیمپ کو اکھاڑ دیا اور بعض اہم قائدین کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ بوتھ کمیٹی کے اجلاس کو کامیاب بنانے گذشتہ دو دنوں سے شہر کو گلابی رنگ کے بیانروں اور پارٹی کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا تھا ۔ شہر کے چھوٹے بڑے راستوں پر نصب کردہ بیانروں پر صرف تلگو اور بعض جگہ انگریزی زبان میں تحریر کردہ بیانرس لگے ہوئے پائے گئے ۔ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے کثیر مسلم آبادی کے حلقہ اسمبلی بودھن میں کہیں بھی اردو زبان میں تحریر کردہ بیانرس نظر نہ آنے پر محبان اردو بودھن میں بی آر ایس پارٹی کے تعلق سے عدم اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے ۔