بی آر ایس حکومت میں ریونت ریڈی کو پروٹوکول حاصل نہیں ہوا تھا

   

جگاریڈی کا جوابی الزام، کے ٹی آر کی اسپیکر سے نمائندگی مضحکہ خیز
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر جگاریڈی نے پروٹوکول کی خلاف ورزی سے متعلق بی آر ایس قائدین کے الزامات کو مسترد کردیا اور یاد دلایا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں رکن پارلیمنٹ کے طور پر ریونت ریڈی کو پروٹوکول نہیں دیا گیا تھا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہاکہ ریونت ریڈی اور دیگر کانگریس کے عوامی نمائندوں کو نظرانداز کرتے وقت کے ٹی آر کو پروٹوکول کا خیال نہیں آیا لیکن آج اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ اسپیکر سے نمائندگی کررہے ہیں۔ 10 سال تک عوامی نمائندوں کو نظرانداز کرنے والے قائدین کو پروٹوکول کی خلاف ورزی پر اظہار خیال کا کوئی حق نہیں ہے۔ جگاریڈی نے کہاکہ جس وقت وہ سنگاریڈی کے رکن اسمبلی تھے اُنھیں نظرانداز کرتے ہوئے شکست خوردہ بی آر ایس امیدوار کو عوامی اسکیمات کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کے عوامی نمائندوں کی شکایت پر اُس وقت کی حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریونت ریڈی 6 ضمانتوں پر عمل آوری میں سنجیدہ ہیں اور اپوزیشن کو تنقید کا موقع نہیں دیں گے۔ جگاریڈی نے کہاکہ 10 سالہ اقتدار کے دوران خود بی آر ایس کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے لئے کے سی آر اور کے ٹی آر کے پاس وقت نہیں تھا۔ اب جبکہ ارکان اسمبلی اپنے حلقہ جات کی ترقی کے لئے کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، ایسے وقت کے ٹی آر ارکان اسمبلی سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ کے سی آر حکومت میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ دونوں نے عوامی نمائندوں کو نظرانداز کردیا تھا۔ 1