بی آر ایس حکومت میں سرکاری ملازمین کو تنخواہیں نہیں تھیں: بھٹی وکرمارکا

   

فلاحی اسکیمات پر 64 ہزار کروڑ کا خرچ، اہم انتخابی وعدوں کی تکمیل
حیدرآباد6 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں حکومت کو دشواریوں کا سامنا تھا کیونکہ ریاست کو معاشی طور پر بحران کا شکار بنادیا گیا ۔ سکریٹریٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے بی آر ایس اور اس کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال تلنگانہ کو مقروض تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ ریاست کی ابتر معاشی صورتحال کے نتیجہ میں بی آر ایس حکومت سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کے موقف میں نہیں تھی۔ بی آر ایس نے 7 لاکھ کروڑ قرض حاصل کیا جبکہ کانگریس حکومت نے محض 52 ہزار کروڑ قرض حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال پر بی آر ایس قائدین گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں ۔ قرض کے حصول کے بارے میں کے ٹی آر کے دعوؤں کو مسترد کرکے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت ریاست کے قرض کا سود ادا کر رہی ہے۔ کانگریس حکومت نے سماجی بھلائی کی اسکیمات پر 61194 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ ایک سال میں 64500 کروڑ قرض کی رقم واپس کی گئی۔ ریاست کے کمزور معاشی موقف کے باوجود کانگریس حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت نے ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں ریاست کی معیشت زوال کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ شیڈول کے مطابق تقررات کئے جائیں گے ۔ حکومت نے تقررات کیلئے سالانہ کیلنڈر جاری کیا ہے ۔ رعیتو بھروسہ ، آروگیہ شری ، کسانوں کے قرض معافی اور دیگر اہم وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے نتیجہ میں بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے بتایا کہ عنقریب نئی برقی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ۔ حکومت نے برقی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھدرادری پاور پلانٹ کی تکمیل کی ہے ۔ مرکزی حکومت کی مداخلت کے نتیجہ میں پراجکٹ پر 42 فیصد اضافی خرچ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی شعبہ میں اصلاحات کے ذریعہ نہ صرف پیداوار میں اضافہ کیا گیا بلکہ ہر شعبہ کو موثر برقی سربراہی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے حکومت کی ایک سالہ تقاریب پر اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ 1