حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن کے صدر وی لچی ریڈی نے جو گذشتہ چار سال سے رخصت پر تھے ریاست تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد پیر کو ڈیوٹی کے لیے رپورٹ کی ۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی حمایت کرنے والے لچی ریڈی کو بی آر ایس حکومت کے عتاب کا سامنا کرنا پڑا ۔ لچی ریڈی کا جو کیسرا ریونیو ڈیویژنل آفیسر ( آر ڈی او ) کی حیثیت سے کام کررہے تھے ، کیسرا سے بھوپال پلی تبادلہ کیا گیا ۔ اس وقت سے انہوں نے محکمہ ریونیو میں تبدیلیوں ، وی آر او سسٹم کو برخاست کرنے اور دھرانی پورٹل شروع کرنے کی مخالفت کی تھی ۔ کے سی آر حکومت نے لچی ریڈی کو نشانہ بنایا تھا کیوں کہ انہوں نے مبینہ طور پر تلنگانہ تحصیلدارس اسوسی ایشن کو تلنگانہ ریونیو ایمپلائز سروسیس کے ساتھ ضم کرنے کی مخالفت کی تھی ۔ تب انہوں نے ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن قائم کی ۔ نظام آباد اربن میں برسرکار ایک تحصیلدار کی خود کشی کے بعد ، لچی ریڈی نے ریونیو اسوسی ایشنس کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی یہ بھی ایک وجہ ہے جس کے لیے انہیں بی آر ایس حکومت کے عتاب کا سامنا کرنا پڑا ۔ گذشتہ سال انہوں نے وی آر او اور وی آر اے سسٹمس کو برخاست کرنے کی مخالفت کی تھی ۔ اتوار کو اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کئے جانے کے بعد لچی ریڈی نے پیر کو پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل سے ملاقات کی اور جوائننگ رپورٹ پیش کی ۔ اب حکومت کو ان کی رخصت کو منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کرنا ہے ۔ لچی ریڈی نے کہا کہ وہ محکمہ مالگذاری کو مضبوط بنانے اور دھرانی پورٹل کو بدل کر بھومتا متعارف کرنے کے سلسلہ میں بھی نئی حکومت اور سینئیر عہدیداروں کو مناسب مشورے دیں گے ۔۔