شمس آباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے لائبریری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور ضلع پریشد بوائز ہائی اسکول و گرلز ہائی اسکول میں ایڈیشنل کلاس رومس کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ لائبریری کی عمارت کیلئے ایک کروڑ 15 لاکھ 20 ہزار روپئے منظور کئے گئے تھے اور دونوں اسکولس میں ایڈیشنل کلاس رومس کیلئے 52 لاکھ اور 39 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ شمس آباد کے عوام کا دیرینہ خواب آج پورا ہوا ۔ لائبریری کے آغاز کے موقع پر ہی 64 ہزارکتابیں عوام کے مطالعہ کیلئے رکھی گئیں اور مزید کچھ کتابوں کی ضرورت پڑی تو اس کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت ریاست کی ترقی کیلئے ہر شعبہ میں ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے ۔ عوامی مسائل کو حل کرنے حکومت سنجیدہ ہے۔ ڈگری کالج کی عمارت کیلئے بہت جلد فنڈ منظور کرتے ہوئے کام کا آغاز کیا جائے گا ۔
اس موقع پر انیتا ریڈی ضلع پریشد چیرپرسن ، راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ بھی موجود تھے ۔۔
