بی آر ایس دفتر کو بلدی حکام کی نوٹس کے خلاف تلنگانہ ہائیکورٹ میں درخواست

   

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے ہنمکنڈہ ضلع میں بی آر ایس کے دفتر کو حکام کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی۔ بی آر ایس کے ضلع صدر ونئے بھاسکر نے ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ عمارت کا تحفظ کیا جائے کیونکہ مجالس مقامی کے عہدیدار انہدام کے درپے ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سروے نمبر 1066 پر واقع ایک ایکر اراضی پر بی آر ایس کا دفتر عارضی طور پر قائم کیا گیا ہے۔ ریونیو حکام نے غیر مجاز تعمیر کے نام پر نوٹس جاری کی ہے۔ 21 جون 2024 ء کو جاری کی گئی نوٹس میں اندرون 3 یوم عمارت کی تعمیر سے متعلق اجازت نامے کے دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نوٹس میں 3 دن بعد کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ ورنگل ویسٹ کے کانگریس رکن اسمبلی راجندر ریڈی کی ایماء پر اراضی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ سیاسی مقصد براری کے لئے بی آر ایس دفتر کو نوٹس دی گئی ہے۔ جسٹس کے لکشمن نے 18 جولائی کو آئندہ سماعت مقرر کرتے ہوئے بلدی حکام کو موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔ 1