بی آر ایس دور حکومت میں سکندرآباد کوضلع کا درجہ کیوں نہیں دیا گیا؟

   

وزیر پونم پربھاکر کا سوال، سیاسی مقصد براری کیلئے احتجاج کا الزام
حیدرآباد 18 جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بی آر ایس کی سکندرآباد بچاؤ کے نعرہ کے تحت تحریک کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ پونم پربھاکر نے سوال کیا کہ بی آر ایس دور میں جب 33 اضلاع تشکیل دیئے گئے تھے اس وقت سکندرآباد ضلع کی تشکیل کا خیال کیوں نہیں آیا۔ اب جبکہ تلنگانہ حکومت نوتشکیل شدہ اضلاع کے حدود کو سائنٹیفک انداز میں متعین کرنے کی مساعی کررہی ہے بی آر ایس نے سکندرآباد کے نام پر غیر ضروری تحریک کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد بچاؤ تحریک کا بنیاد مقصد سیاسی مقصد براری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سکندرآباد کے ساتھ ناانصافی یا جانبداری کا رویہ اختیار نہیں کرے گی۔ انہوں نے کے ٹی آر سے سوال کیا کہ بی آر ایس دور میں نئے اضلاع کی تشکیل کے وقت سکندرآباد کا خیال کیوں نہیں آیا؟ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر سرینواس یادو نے بی آر ایس کے 10 سالہ اقتدار میں سکندرآباد سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کے ٹی آر اور دیگر بی آر ایس قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج سے قبل محاسبہ کریں کہ انہوں نے 10 برسوں میں سکندرآباد پر توجہ کیوں نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے غیر سائنٹیفک انداز میں اضلاع اور منڈلوں کی تشکیل عمل میں لائی ہے جس کے نتیجہ میں انتظامی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اضلاع کی ازسر نو حد بندی سے قبل حکومت تمام اسٹیک ہولڈرس سے مشاورت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے سکندرآباد کے ووٹرس اور تاجروں کو الجھن میں مبتلا کرنا درست نہیں ہے۔ 1