بی آر ایس دور حکومت میں نئے اضلاع اور منڈلوں کا ازسرنو جائزہ : سرینواس ریڈی

   

Ferty9 Clinic

غیر سائنٹفک تشکیل سے عوام کو مشکلات، اسمبلی میں وزیر مال کا بیان
حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس دور حکومت میں نئے اضلاع اور منڈلوں کی تشکیل کے طریقہ کار کو غیر سائنٹفک قرار دیا اور کہاکہ حکومت نئے اضلاع کی تشکیل اور منڈلوں کے قیام کا ازسرنو جائزہ لے گی۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں محبوب نگر کے 2 منڈلوں سے متعلق سوال کے دوران ارکان نے بی آر ایس دور حکومت میں نئے اضلاع کی تشکیل سے عوام کو پیش آنے والی دشواریوں سے واقف کرایا۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس حکومت نے غیر سائنٹفک انداز میں نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت کو عوام کی سہولت سے زیادہ اپنی پسند کے میجک فیگر کو مکمل کرنے میں دلچسپی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی تائید کرنے والوں کو نہ صرف ضلع بلکہ منڈل منظور کیا گیا۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی کابینہ میں اِس مسئلہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسمبلی میں مباحث کے بعد غیر سائنٹفک انداز میں تشکیل شدہ اضلاع اور منڈلوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت نے جہاں ضرورت نہیں تھی وہاں نئے منڈل منظور کئے اور بعض اضلاع تو صرف 2 سے 4 منڈلوں پر مشتمل ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں منڈلوں کی تعداد 15 تا 18 ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نئے اضلاع اور منڈلوں کی تشکیل میں انتظامی دشواریوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ سرینواس ریڈی نے ارکان کو یقین دلایا کہ حکومت سائنٹفک انداز میں نئے اضلاع کی تشکیل کا جائزہ لے گی اور بہتر نظم و نسق کو یقینی بنایا جائے گا۔1