بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس ارکان اسمبلی کے حلقہ جات ترقی سے محروم

   

مستحق غریبوں کو عنقریب راشن کارڈس کی اجرائی، کھمم میں کانگریس کی انتخابی مہم سے بھٹی وکرامارکا کا خطاب

حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کانگریس ارکان اسمبلی کے حلقہ جات کے لئے ترقیاتی فنڈس کی منظوری نہیں دی گئی۔ کھمم ضلع میں مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس کے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے مختلف علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں غریبوں کو مکانات کے الاٹمنٹ اور امکنہ اسکیم کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت نے ہر گاؤں میں غریبوں کو اندراماں ہاوزنگ کے تحت مکانات الاٹ کئے تھے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اسکیم نظرانداز کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فنڈس کی آندھرائی علاقوں کے لئے منتقلی کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے علیحدہ ریاست حاصل کی گئی۔ عوام میں بی آر ایس کو اقتدار سے نوازا لیکن کانگریس ارکان اسمبلی کے انتخابی حلقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ حکومت سے بارہا نمائندگی کے باوجود فنڈس جاری نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں 200 کروڑ کے خرچ سے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس تعمیر کررہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم کو ایک ماڈل ضلع میں تبدیل کرنے کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے گروپس کو بلا سودی قرض منظور کئے گئے اور تلنگانہ حکومت نے 27 ہزار کروڑ کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کی خواتین کے لئے مختلف ٹریننگ پروگرامس کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ انہیں تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ کیا جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے ہر مستحق غریب خاندان کو راشن کارڈ کی اجرائی کا تیقن دیا۔ 1
ٹی جی پالی سیٹ کا 13 مئی کو مقرر
حیدرآباد 8 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف ٹکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کی جانب سے پالی ٹیکنک پروگرامس میں داخلوں کے لئے ٹی جی پالی سیٹ 2026، 13 مئی کو منعقد کیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان اس امتحان کے انعقاد کے 12 دن بعد کیا جائے گا۔ اس کے لئے فی الوقت رجسٹریشنس جاری ہیں اور آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہے۔ رجسٹریشن فیس ایس سی اور ایس ٹی کے لئے 250 روپئے ہے اور دوسروں کے لئے 500 روپئے۔ 100 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کی آخری تاریخ 21 اپریل ہے۔ درخواستیں تتکال کے تحت 300 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 22 اپریل تک بھی داخل کی جاسکتی ہیں۔A