بی آر ایس دور میں آئی ٹی شعبہ میں انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا

   

نوجوانوں کو آئی ٹی شعبہ میں لاکھوں ملازمتیں ۔ سابق وزیر کے ٹی آر کا روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد۔7۔نومبر۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی خود اس بات کا تسلیم کرچکے ہیں کہ 14نومبر کو جوبلی ہلز میں ’گلابی پرچم‘ لہرائے گا۔ سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج وینگل راؤ نگر ڈویژن میں اپنے روڈ شو سے خطاب میں یہ دعویٰ کیا اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پریس کانفرنس میں صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال ’کیا آپ جوبلی ہلز کے انتخابات کے نتائج کو ریفرنڈم (استصواب عامہ ) تصور کرتے ہیں‘؟ تو خود ریونت ریڈی نے جو جواب دیا ہے وہ شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز کے نتائج کو ریفرنڈم کے طور پر قبول کرنے سے انکار کرکے کہا کہ نتائج کے بعد وہ معمولی تبدیلیاں لائیں گے اور غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس نے 14 سال تلنگانہ کی تشکیل کیلئے جدوجہد کی اور 10 سال اقتدار میں رہی ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست میں اقتدار کے بعد بی آر ایس نے جس انداز میں کام کیا ہے اس کے بعد گریٹر حیدرآباد میں کانگریس ایک نشست بھی نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 برسوں میں آندھرا پردیش نے 6 چیف منسٹرس دیکھے ہیں اور کے سی آر نے 10 برس میں فلاح و بہبود کے کام انجام دیتے ہوئے یہی تاکید کی ہے کہ جب تک ہیں اچھے کام کرتے جائیں۔حلقہ جوبلی ہلز سے بی آر ایس نے ماگنٹی گوپی ناتھ کی کامیابی کو یقینی بنایا اور اس حلقہ میں بھی بی آر ایس نے جو ترقیاتی کام انجام دیئے وہ ریکارڈ ہے۔انہوں نے بی آر ایس حکومت کی اسکیمات بالخصوص شادی مبارک‘ کلیان لکشمی ‘ اماں وڈی ‘ کے سی آر کٹ ‘ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان سے خواتین نے سرکاری دواخانوں میں زچگی کو ترجیح دینی شروع کردی تھی اور 15لاکھ خواتین اس اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں ۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں 2014 میں 3 لاکھ 20 ہزار نوجوان آئی ٹی شعبہ میں خدمات انجام دیا کرتے تھے لیکن 2023 میں آئی ٹی شعبہ میں برسرکار نوجوانوں کی تعداد 9 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اس کی وجہ بی آر ایس دور میں آئی ٹی شعبہ میں انفراسٹرکچر تیار کیا گیا اور نوجوانوں کو اس شعبہ میں ملازمتیں ملی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وینگل راؤ نگر میں بی آر ایس نے 1000 بستروں کا دواخانہ تعمیر کیا اور 900 کروڑ کی لاگت سے اس دواخانہ سے عوام فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ’حیدرا‘ کی کاروائیوں کا ویڈیو اور متاثرین کی بپتا سنائی اور کہا کہ ’حیدرا‘ کے نام پر حکومت نے حیدرآباد کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرکے غریب عوام کو جو نقصان پہنچایا ہے اب عوام کو چاہئے کہ وہ بی آر ایس کو کامیاب بناکر اپوزیش کو مضبوط کریں۔3