کوٹگیر میں اقلیتی اقامتی جونیر کالج کی عمارت کا افتتاح، ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
نظام آباد- 26؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر داخلہ مسٹر محمد محمود علی ،اسمبلی اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے بانسواڑہ حلقہ کے کوٹگیر میں 6.70 کروڑ روپئے سے تعمیر کردہ اقامتی جونیئر کالج کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو اقلیتوں کی تعلیمی فروغ کیلئے ریاست گیر سطح پر اقامتی مدارس کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد 1016 مدارس شروع کئے گئے جس میں ایک لاکھ 33 ہزار طلباء و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس میں طالبات کی تعداد 58 ہزار ہے مسٹر محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر 20 ویں صدی کے گاندھی ہیں اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے تمام طبقات کی فلاح وبہبودی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو تلنگانہ میں امن برقراری کیلئے کمربستہ ہیں۔ اس موقع اقلیتی کمیشن کے چیرمین طارق انصاری ، میناریٹی فینانس کارپوریشن کے چیرمین امتیاز ، وقف بورڈ صدر مسیح اللہ خان ، اُرد و اکیڈیمی کے چیرمین مجیب الدین موجود تھے۔پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں گنگا جمنی تہذیب اور تمام طبقات کی خوشحالی کو دیکھتے ہوئے ملک کے دیگر ریاستوں کی عوام بھی بی آرایس کو پسند کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد ضلع میں 17 اقامتی مدارس ،2کالجس ہے اور ان میں 60 ہزار 200 طلباء و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان کیلئے حکومت پری میٹرک اسکالرشپ میں 9 کروڑ 48 لاکھ روپئے منظور کیا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل بشیر الدین نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔