بی آر ایس ذہنی طور پر بی جے پی میں ضم ہوچکی ہے: مہیش کمار گوڑ

   

راہول گاندھی کے خلاف بات کرنے کا کے ٹی آر کو اخلاقی حق بھی نہیں ہے
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات سے بچنے کے لئے بی آر ایس مودی کے سامنے جھک جانے کا الزام عائد کیا ہے جس کی وجہ سے بی آر ایس پارٹی نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات سے دور رہی ہے۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے انحراف کے معاملہ میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر حد سے زیادہ بول رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے بارے میں بات کرنے کا کے ٹی آر اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ گاندھی خاندان اور کے سی آر خاندان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ گاندھی خاندان نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں جبکہ کے سی آر کے خاندان نے ریاست کو لوٹ لیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ کے نمائندہ نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی کو بی آر ایس نے ووٹ کیوں نہیں دیا؟ کے ٹی آر سے سوال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سے خفیہ معاہدہ کے بعد بی آر ایس پارٹی انتخابات سے دور ہوگئی ہے۔ یہ بات عوام میں نہ آئے اس لئے کے ٹی آر راہول گاندھی پر تنقیدیں کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس بی جے پی میں ذہنی طور پر ضم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے راہول گاندھی کے خلاف کے ٹی آر من گھڑت باتیں کررہے ہیں۔ ارکان اسمبلی کے انحراف کے معاملہ میں اسپیکر کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ اسپیکر نے ارکان اسمبلی سے وضاحت طلب کی ہے اور ارکان اسمبلی تحریری طور پر اسپیکر کو جواب بھی دے رہے ہیں۔ ارکان اسمبلی کے بارے میں بات کرنے کا کے ٹی آر کو حق بھی نہیں ہے۔ بی آر ایس حکومت کی دونوں میعادوں میں کانگریس کے علاوہ دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو زبردستی بی آر ایس میں شامل کرلیا گیا آج اس پر کے ٹی آر واویلا مچاتے ہوئے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے ووٹ چوری کو ثبوتوں کے ساتھ پیش کردیا جس کے بعد مرکزی حکومت کے ساتھ اس کی حلیف جماعتیں بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مودی ۔ کے ٹی آر کے ذریعہ راہول گاندھی کے خلاف تنقیدیں کرا رہے ہیں۔ ریاست کی عوام کو معلوم ہوگیا ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ماضی میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا تھا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تحقیقات اگر سی بی آئی کو حوالے کی جاتی ہے تو 48 گھنٹوں میں تحقیقات کا آغاز کرائیں گے۔ ریاستی حکومت نے اس معاملہ کو سی بی آئی سے رجوع کردیا ہے لیکن ہفتہ 10 دن گذر جانے کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور جی کشن ریڈی بھی خاموشی اختیار کرچکے ہیں۔ سی بی آئی تحقیقات سے بچنے کے لئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ دہلی میں مودی، امیت شاہ اور جے پی نڈا کے اطراف چکر لگا رہے ہیں۔ 2