شوہر کی صدر کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات،عنقریب شمولیت
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس میں ٹکٹ سے محرومی کے بعد خانہ پور کے رکن اسمبلی ریکھا نائیک نے بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت کی تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے خانہ پور اسمبلی حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کیلئے درخواست داخل کی۔ ریکھا نائیک کے پی اے نے گاندھی بھون پہنچ کر باقاعدہ درخواست داخل کردی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کل بی آر ایس کے 115 امیدواروں کی فہرست جاری کی اور خانہ پور سے ریکھا نائیک کے بجائے بی جانسن کو ٹکٹ دیا ہے۔ اسی دوران رکن اسمبلی ریکھا نائیک کے شوہر اور صدر ضلع تلنگانہ این جی اوز اجمیرا شام نائیک نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ریکھا نائیک بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گی۔ اسی دوران خانہ پور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریکھا نائیک نے کہا کہ حلقہ کے رائے دہندوں نے انہیں مقابلہ کا مشورہ دیا ہے اور مکمل تائید کا بھروسہ دلایا۔ عوام کیلئے زندگی وقف کرنے کے جذبہ کے ساتھ وہ عملی سیاست میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دھوکہ دے لیکن انہیں یقین ہے کہ خدا انہیں سرخرو رکھے گا۔ ریکھا نائیک نے کہا کہ وہ خانہ پور حلقہ سے بہر صورت مقابلہ کریں گی۔
